ہارون آباد: (دنیا نیوز) ہارون آباد کے نوجوان ہنر مند محمد اعظم نے منفرد اور شاندار کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ ماہ کے مختصر عرصہ میں منی ٹریکٹر بنا کر دیکھنے والوں کو حیران کر دیا۔
ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی، ضرب المثل کا درجہ حاصل کرنے والا یہ شعری مصرع ہارون آباد کے نوجوان محمد اعظم پر خوب صادق آتا ہے، اس ہونہار اور باکمال نوجوان نے ایک منفرد اور شاندار کمال کر دکھایا اور 110سی سی موٹر سائیکل کے انجن کو استعمال کر تے ہوئے ایک ٹریکٹر کی شکل میں عملی طور پر بنا کر دیکھنے اور سننے والوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔
نوجوان محمد اعظم نےایک مکمل ہائیڈرالک منی ٹریکٹر بنایا ہے جو پندرہ من تک وزن کی ٹرانسپورٹیشن کے لئے آسانی سے استعمال کیا جا سکتا ہے، محمد اعظم کا کہنا ہے کہ اس نے یہ سائنسی عجوبہ ٹریکٹر چھ ماہ کے مختصر عرصہ میں اپنی مدد آپ کے تحت بنایا ہے جس پر تقریبا ایک لاکھ روپے خرچ ہو چکے ہیں، اس کی مدد سے کسان دیگر کاموں کے علاوہ باغوں میں اپنے پھل دار درختوں کی جڑیں بچا کر کھیتی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا مقصد اور عزم قومی خدمت اور وطن عزیز کے نوجوانوں کی خداد داد صلاحتیوں کا اظہار کرنا ہے۔ اگر حکومت با صلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرے تو کم لاگت سے جدید زرعی مشینری تیار کر کے پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں۔