150 سال پرانی کتاب جو آپ کو قتل بھی کرسکتی ہے

Published On 05 January,2021 09:58 am

مشی گن:(روزنامہ دنیا) ‘‘خبردار! اس کتاب کے صفحوں پر لگا ہوا زہر آپ کی جان بھی لے سکتا ہے !’’ یہ خلاصہ ہےاس وارننگ کا جو 1874 میں ‘‘موت کی دیواروں کے سائے ’’کے عنوان سے شائع ہونے والی کتاب میں نمایاں طور پر لکھی ہے ۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ کتاب ایک امریکی کیمیا دان ڈاکٹر رابرٹ ایم کیڈزی نے مشی گن سے شائع کروائی تھی جس کے 86 صفحات ایسے آرائشی وال پیپرز کے نمونوں پر مشتمل ہیں جن کی تیاری میں سنکھیا کا استعمال کیا گیا تھا جس کی چند ملی گرام مقدار بھی انسان کو قتل کرنے کیلئے کافی ہوتی ہے۔

مختلف واقعات کے بعد تمام عوامی کتب خانوں نے اس کتاب کے تمام نسخے جلا دئیے۔ کہا جاتا ہے کہ اس کتاب کی صرف 4 کاپیاں مختلف لائبریریوں میں موجود ہیں جن میں یونیورسٹی آف مشی گن، ہارورڈ یونیورسٹی، مشی گن سٹیٹ یونیورسٹی اور نیشنل لائبریری آف میڈیسن شامل ہیں۔ ان نسخوں کے کیمیائی تجزیے سے ثابت ہوچکا ہے کہ یہ واقعی بہت زہریلی کتاب ہے جسے دستانے اور ماسک پہنے بغیر چھونے والے کی جان بھی جاسکتی ہے ۔ دنیا کی سب سے زہریلی کتاب’’ کا اعزاز آج تک اسی کتاب کے پاس ہے ۔


 

Advertisement