سانپ کے سر والی مچھلی کا ایک اور ’’ڈیتھ وارنٹ ‘‘ جاری

Published On 04 January,2021 12:47 pm

واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) سنیک ہیڈ فش (سانپ کے سر والی مچھلی ) پانی سے باہر کافی دیر تک زندہ رہنے اور تیز افرائش نسل کے سبب دیگر آبی حیات کی بقا کیلئے خطرہ بن گئی ہے اس لئے مار ڈالنے کی ہدایت جاری کر دی گئی.

میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست جارجیا کے محکمہ قدرتی وسائل نے الرٹ جاری کیاہے کہ اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ نے سنیک ہیڈ مچھلی پکڑ لی ہے تو اسے چھوڑیں نہیں، بلکہ مار ڈالیں ۔جارجیا امریکا کی 15ویں ریاست ہے جس نے سانپ کے سر والی مچھلی کو مارنے کی ہدایت جاری کی ہے ۔

اس مچھلی کو چپٹے سر اور سانپ سے مشابہت کی وجہ سے سانپ کے سر والی مچھلی کہا جاتا ہے، اس کی مادائیں سال میں 10ہزار تک انڈے دے سکتی ہیں۔ تیز افزائش کے سبب اس کی تعداد اتنی بڑھ جاتی ہے کہ کسی ندی میں پہنچ جائے تو پھر یہ دیگر آبی حیات کیلئے خطرہ بن جاتی ہے، اس کی نہ مٹنے والی بھوک اسے اپنے سامنے آنے والی کسی بھی چیز کو کھانے پر مجبور کئے رکھتی ہے جس میں مچھلیاں، مینڈک اور کیکڑے وغیرہ شامل ہیں۔

اس مچھلی کو دیگر مچھلیوں کے مقابلے زیادہ عرصہ زندہ رکھنے کی ایک اور اہم وجہ آکسیجن سٹور کرنے کی صلاحیت بھی ہے،عام مچھیلیاں صرف گلپھڑوں سے سانس لینے کی صلاحیت رکھتی ہیں لیکن اس مچھلی کے گلپھڑوں کے پیچھے آکسیجن کو سٹور رکھنے والا ایک خانہ بھی ہے ۔

سنیک ہیڈ مچھلی سانس لینے کی اضافی صلاحیت کے سبب سطح زمین پر رینگنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے جو اسے دیگر مچھلیوں کے مقابلے زیادہ عرصہ زندہ رکھنے میں معاون ثابت ہوتی ہے، اس لئے اس مچھلی کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی بقا ممکن رکھنا دیگر آبی جانوروں کیلئے مشکل ثابت ہوتا ہے۔
 

Advertisement