ماسکو: (ویب ڈیسک) روس سے ایک انوکھی خبر سامنے آئی ہے جہاں پر روزانہ ایک ریل کچھ دیر کے لیے رات کو سٹیشن پر رکتی ہے اور ریل میں موجود ڈرائیور وہاں موجود ایک بلی کو کھانا پیش کرتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پسکاف سے ماسکو جانے والی ٹرین ایک مرتبہ جب استاریا روسا سٹیشن پر رکی تو ڈرائیور نے بھوکی بلی کو وہاں دیکھا اور اسے کھانا پیش کیا۔ یہ ایک چھوٹا سا ریلوے سٹیشن ہے جہاں ٹرین چند منٹوں کے لیے رکتی ہے تاہم بعد میں روزانہ رات 10 بج کر 40 منٹ پر بلی وہاں دیکھی گئی اور اب یہ عالم ہے کہ ہر ڈرائیور یاد سے اس کا کھانا اپنے ساتھ رکھتا ہے۔
اس بلی کو پیار سے فیلکس سوسیج کا نام دیا گیا ہے اور وہ پابندی سے 10:40 پر ٹرین رکنے سے پہلے وہاں کھانے کی منتظر رہتی ہے۔ تمام ڈرائیور فیلکس کے معمولات سے آگاہ ہیں اور وہ نمکین قیمہ بھرے رول سوسیج پہلے سے ہی تیار رکھتے ہیں۔ تاہم ماہرین بلی کا وقت یاد رکھنے کی صلاحیت پر حیران ہیں اور ڈرائیوروں کی ہمدردی کے معترف بھی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جنگلی بلی کی دنیا کے سب سے بڑے سانپ کو کھانے کی کوشش، ویڈیو وائرل
یہ سلسلہ کئی برس سے جاری ہے اور اس وقت شروع ہوا جب ٹرین ایک مرتبہ استاریہ روسا سٹیشن پر بھوکی نگاہوں سے ڈرائیور کو دیکھنے لگی۔ اس پر ڈرائیور نے اسے کھانا دیا اور یوں بلی کی ٹرین سے دوستی ہوگئی۔ سوشل میڈیا پر اس بلی کے چرچے ہیں۔
روسی بلیوں سے محبت رکھتے ہیں۔ اس سے قبل ایک روسی شخص نے اپنی بہت ساری بلیوں کے لیے ریل کا پورا ایک ڈبہ مختص کرایا تھا۔ دوسری خبر اس سے بھی دلچسپ ہے جس میں ماسکو میٹرو ریلوے نے اعلان کیا ہے کہ وہ راہ میں لاوارث کتے اور بلیوں کو اٹھا کر ریل میں رکھیں گے تاکہ مسافر ان جانوروں کو اپنا کر ان کی پرورش کرنا چاہیں تو کرسکتےہیں۔ اس ٹرین کو ’دم اور پنجہ‘ ٹرین کا نام دیا گیا ہے۔