منفی 40 درجے سینٹی گریڈ میں بھی دوڑنے والی ٹرین

Published On 14 January,2021 10:33 am

بیجنگ:(روزنامہ دنیا) چین نے ہر قسم کی موسمیاتی شدت میں بھی اپنی رفتار برقرار رکھنے والی بُلٹ ٹرین بنائی ہے جو منفی 40 درجے سینٹی گریڈ میں 350 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے دوڑ سکتی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس ٹرین کو CR400AF-G کا نام دیا گیا ہے جو فیوکسنگ ٹرین سیریز کا ایک حصہ ہے اور اسے 6 جنوری کو منظرِ عام پر لایا گیا۔ ٹرین کی پٹڑیاں اور نظام کو ہائی سپیڈ بنایا گیا ہے جو بیجنگ کو شمال مشرقی سرد علاقوں، ہاربِن اور شینیانگ سے جوڑے گی ۔چینی سرکاری ریلوے کمپنی چائنا ریلوے بیجنگ گروپ نے کہا کہ انہوں نے ٹرین کو سرد ترین ماحول میں آزمایا ہے ،اب اس ٹرین میں بریک کا نظام بالکل درست انداز میں کام کرے گا جو ایک اہم کامیابی ہے۔

اس کا ڈیزائن ہوا اور ماحول سے کم مزاحم ہے جس سے توانائی اور ایندھن کی بچت ہوتی ہے ۔ٹرین کے عوامی استعمال کی حتمی تاریخ کا اعلان ابھی نہیں ہوا۔

ٹرین کو حادثات سے بچانے کیلئے روکنے کا جدید نظام نصب کیا گیا ہے جبکہ برفانی موسم میں بھی ایندھن کی مسلسل فراہمی کیلئے لیتھئم آئن بیٹریاں استعمال کی ہیں، یہ دنیا بھر میں پائے جانے والے ریل سسٹم میں سب سے منفرد نظام ہے۔