کتے کو گاڑی کے پیچھے گھسیٹنا شہری کو مہنگا پڑ گیا

Published On 13 January,2021 08:54 am

نور سلطان:(روزنامہ دنیا) قازقستان میں کتے کو گاڑی کے پیچھے باندھ کر گھسیٹنا شہری کو مہنگا پڑ گیا، پولیس جانوروں پر ظلم کے قوانین کے تحت تفتیش کرے گی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق قازقستان میں ایک شخص کتے کو اپنی کار کے پچھلے حصے پر باندھ کر سڑک پر گھسیٹتا رہا۔ قازقستان کے علاقے اٹیراو میں لی گئی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کتے کو کار کے پیچھے باندھ کر گھسیٹا جارہا ہے۔ نامعلوم شخص کو سڑک پر دوسری گاڑیوں کے ڈرائیور نے روکنے کی کوشش کی لیکن وہ اپنے اس اقدام سے باز نہ آیا ۔

زخمی کتے کو بچانے والا ایک شخص کار سے اترا اور اس سے پوچھا کہ تم یہ کیوں کررہے ہو ؟ تو وہ کوئی جواب دئیے بغیر چلتا بنا۔ کتے کو فوری قریبی کلینک لے جایا گیا جہاں اسے درد کی دوائیں دی گئیں اور زخموں کا علاج کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق نامعلوم ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے جانوروں پر ظلم کے قوانین کے تحت تفتیش کی جائے گی۔


 

Advertisement