ہنگری کی خاتون کا انوکھا شوق، بیس ہزار سے زائد ٹیڈی بیئر جمع کر لیے

Published On 18 January,2021 11:29 am

ہنگری: (دنیا نیوز) ہنگری کی خاتون نے انوکھا شوق اپنا لیا، بیس ہزار سے زائد ٹیڈی بیئر جمع کر لیے۔

یورپی ملک ہنگری کی خاتون کا کہنا ہے یہ چالیس سال کی کولیکشن ہے، ٹیڈی بیئر لوگوں نے بھیجے اور خود بھی خریدے، علاقے میں انہیں ٹیڈی بیئر ماما کے نام سے جانا جاتا ہے۔

ان کا دعویٰ ہے کہ وہ ہنگری کی سب سے بڑی کولیکشن رکھتی ہیں، اب ان کا عالمی ریکارڈ بنانے کا بھی ارادہ ہے۔ 62 سالہ خاتون نے ٹیڈی بیئرز کو خود تک ہی محدود نہیں رکھا بلکہ چھوٹے بچوں کی نرسریز، سکولوں کو مفت فراہم بھی کرتی ہیں جبکہ مختلف نمائشی میلوں میں بچوں کو ٹیڈی بیئرز سے کھیلنے کا بھرپور موقع بھی دیا جاتا ہے۔

ولیریا شمٹ کا کہنا ہے کہ بچپن میں انہوں نے انتہائی غربت دیکھی، کھلونے تو دور کی بات، ان کو تن کو ڈھانپنے کیلئے کپڑے تک مشکل سے دستیاب ہوتے تھے، یہی وجہ ہے اب انہیں موقع ملا ہے تو انہوں نے ٹیڈی بیئر کی اتنی بڑی کولیکشن اکٹھی کر لی، اب وہ نرم نرم ٹیڈی بیئرز کو اپنے ساتھ لگاتی ہیں تو انہیں سکون اور محبت کا احساس ہوتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اب وہ سکولوں اور نمائشوں میں چھوٹے بچوں کو ٹیڈی بیئرز کے ساتھ کھیلنے کے دوران آنکھوں میں خوشی دیکھتی ہیں تو ان کو جیسے گہرا قلبی سکون ملتا ہے۔

 

Advertisement