دبئی: (ویب ڈیسک) کورونا کی وجہ سے کئی ماہ تک تنہائی میں رہتے ہوئے مشہور مصور ساشا جیفری نے دنیا کی سب سے بڑی کینوس پینٹنگ تیار کرلی ہے۔ انسانیت کا سفر نامی یہ شاہکار اب 62 ملین ڈالر میں فروخت ہوگئی ہے۔
باسکٹ بال کے چار کورٹس جتنی اس پینٹنگ کا مجموعی رقبہ 17000 مربع فٹ ہے۔ اس کی نیلامی سے حاصل ہونے والی تمام رقم ان بچوں کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوگی جو کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ اس پینٹنگ کو 70 حصوں میں توڑا گیا ہے۔ ساشا کا خیال تھا کہ ہر حصہ الگ الگ فروخت ہوجائے گا اور کل 30 ملین ڈالر جمع ہوسکیں گے۔ تاہم دبئی کے ایک تاجر آندرے ابدونے نے اس کے سارے ٹکڑے دگنی قیمت پر خرید لیے ہیں۔
اس طرح ساشا جیفری زندہ مہنگے ترین زندہ مصوروں میں شامل ہوچکے ہیں۔ تاہم پیبل نامی ایک ڈجیٹل آرٹسٹ کا این ایف ٹی ویڈیو اس ماہ 69 ملین ڈالر(تقریباً 9ارب 61 کروڑ روپے) میں فروخت ہوئی ہے لیکن وہ ڈجیٹل کام ہے اور ساشا کا کام غیرڈجیٹل ہے۔ لیکن یہ 62 ملین ڈالر یونیسیف، یونیسکو، دی گلوبل گفٹ فاؤنڈیشن اور دبئی کیئرز کے منصوبوں کو عطیہ کئے جائیں گے۔
اس پینٹنگ کو باضابطہ طور پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی سند دی گئی ہے جسے دبئی کی اٹلانٹس پام ہوٹل میں کے وسیع بال روم میں تیار کیا گیا ہے۔ یہ پینٹنگ انہوں نے کورونا وبا کے دوران تیار کی ہے۔