نوکری کے اختتام پر بقایاجات، سکوں سے بھری ٹرالی ملنے پر ملازم پریشان

Published On 30 March,2021 08:07 am

جارجیا:(روزنامہ دنیا) امریکا میں ایک ملازم کو نوکری چھوڑنے کے بعد واجبات سکوں سے بھری ٹرالی کی صورت میں ادا کئے گئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست جارجیا کے اینڈریاس فلیٹن نے جب نوکری سے استعفیٰ دیا تو انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ملنے والے واجبات کس طرح ان کیلئے درد سر بن جائیں گے ۔جاب چھوڑنے کے بعد انہیں فون پر اطلاع دی گئی کہ واجبات کوریئر کے ذریعے گھر بھیج دئیے گئے ہیں جب وہ اپنے گھر پہنچے تو ڈاکیا وہاں چیک کے بجائے سکوں سے بھری ٹرالی لیے انتظار کر رہا تھا۔

یہ صورت حال اینڈریاس کیلئے صرف حیران کن نہیں بلکہ پریشان کن بھی تھی۔ 915 ڈالرز کے بقایا جات سکوں کی صورت میں دئیے گئے تھے اور وہ بھی تیل اور چکنائی سے اٹے ہوئے تھے ۔ کمپنی کے اعلیٰ عہدیدار اسے اپنے سابق کولیگ سے مذاق قرار دیتے ہیں لیکن اینڈرسن کا کہنا ہے کہ یہ ایک بچکانہ حرکت ہے جس کیخلاف وہ محکمہ سے رجوع کریں گے ۔
 

Advertisement