منیلا: (ویب ڈیسک) فلپائن میں ایک 25 سالہ شہری کے سینے میں 4 انچ لمبی چھری موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ جس کے باعث اسے سینے میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا میں کچھ لوگ انتہائی مشکل تجربے سے گزرنے کے باوجود بھی بال بال بچ جاتے ہیں اور ایسا ہی ایک فلپائنی شہری کے ساتھ ہوا جو ایک خطرناک تجربے کے بعد زندہ بچ گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 25 سالہ فلپائنی شہری کینٹ ریان کو سینے میں تکلیف کا سامنا ہوا جس پر ڈاکٹرز نے ان کا ایکسرے کرایا تو ان کے سینے میں 4 انچ لمبی چھری موجود ہونے کا انکشاف ہوا جس کا دستہ موجود نہیں تھا۔
کینٹ ریان کے مطابق جب ڈاکٹر نے انہیں بتایا کہ ان کے سینے میں 4 انچ لمبی چھری موجود ہے جو پھیپھڑوں سے انتہائی قریب ہے تو وہ عجیب سی الجھن کا شکار ہوگئے۔
ریان کےمطابق انہیں لگا تھا کہ انہیں سردی کی وجہ سے سینے میں درد کی شکایت ہے اور انہوں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ ان کے سینے میں چھری موجود ہے۔ انہیں اندازہ نہیں کہ چھری ان کے سینے میں کیسے پہنچی تاہم ڈاکٹرز کے استفسار پر انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس موٹرسائیکل سواروں نے ان پر چھری سے وار کیا تھا جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا اور جب ان کی آنکھ کھلی تو ڈاکٹرز نے بتایا کہ بڑی مشکل سے ان کی جان بچائی گئی ہے۔