چائے کے پیالوں میں فن کا طوفان برپا کرنے والی خاتون

Published On 09 August,2021 06:17 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں تجریدی آرٹ کی فنکارہ نے چائے کے کپ کو فن پاروں میں تبدیل کیا ہے، سوشل میڈیا پر اسے سراہا جا رہا ہے۔

سعودی فنکارہ لیان الجہنی نے پورٹریٹ کا آرٹ اپنے طور پر سیکھا ہے۔ اب وہ چائے کے کپ اور گتے پر پسندیدہ شخصیات کی شکل وصورت بنا کر ہزاروں صارفین کی نظر میں آگئی ہیں۔

عرب میڈیا سے گفتگو میں الجہنی نے کہاکہ آرٹ افکار و خیالات کے اظہار اور انسانی شخصیت کو اجاگر کرنے کا خوبصورت ذریعہ ہے۔ آپ اپنے ذہن میں پنپنے والے تصورات کو مختلف طریقوں سے دنیا کے سامنے لاسکتے ہیں۔ اچھوتے فن کار اظہار کے لیے نئے طور طریقے آزماتے رہتے ہیں۔ میں نے بھی اس طرح کی ایک کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب چائے کے کپس کو فن پاروں میں تبدیل کرنے کا سلسلہ شروع کیا تو میرے گھر والوں اور دوستوں نے مجھے حوصلہ دیا۔ انہوں نے تعریف بھی کی اور آرٹ کے اس نئے طریقہ کار کو خوبصورت تر بنانے کے لیے تجاویز سے بھی نوازا۔

سعودی فنکارہ کا کہنا ہے کہ معمولی چیزوں کو جمالیاتی شکلیں دے کر نمائش کا پروگرام ہے۔ امید ہے کہ ان کا یہ پروگرام کامیاب ہوگا۔
 

Advertisement