دلچسپ حقائق: ڈیڑھ ڈالر چھیننے پر موت کی سزا

Published On 12 September,2021 08:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کیا آپ جانتے ہیں کہ مینڈکوں کا سالانہ میلہ کس ملک میں ہوتا ہے؟ دنیا کی سب سے خطرناک مچھلی کون سی ہے؟ معمر ترین کرکٹر کا تعلق کس ملک سے تھا؟ اور ریسلنگ کی ملکہ کسے کہا جاتا ہے؟

مینڈکوں کا مقابلہ

جنوبی افریقہ کے شہر جرسٹن میں ہر سال مینڈکوں کی چھلانگوں کا مقابلہ ہوتا ہے۔ مقابلے میں شریک مینڈکوں کے جاکی یعنی مالک بھی ہوتے ہیں۔ ایک مرتبہ ایک خاتون جاکی کے مینڈک نے 9میٹر سے بھی زیادہ فاصلے تک چھلانگ لگائی اور اس خاتون کا نام گینز ورلڈ ریکارڈ میں درج کیا گیا۔ مقابلے کے دوران مینڈکوں کے مالک انہیں طویل چھلانگ پر اُبھارنے کے لیے شہنائی بجاتے ہیں۔


شارک مچھلی

سب سے خوفناک مچھلی سفیدشارک ہے۔ نوعمر شارک کی لمبائی 15فٹ جبکہ وزن 500 تا 700کلوگرام تک ہوتا ہے۔ یہ بحرالکاہل، بحراوقیانوس اور بحرہند میں پائی جاتی ہے۔ 27ستمبر 1984ء کو کراچی کے ماہی گیروں نے ہاکس بے کے قریب ایک 38فٹ لمبی اور 12فٹ چوڑی دیوہیکل مچھلی پکڑی۔ منگرا نامی یہ مچھلی بڑی شارک کی ایک قسم تھی اور کراچی میں اب تک اتنی لمبی مچھلی نہیں پکڑی گئی۔ مچھلی کا وزن 70 سے 80من تھا۔ اس کی کلیجی صرف 9ہزار روپے میں فروخت ہوئی۔

معمر ترین کرکٹر

ممبئی کے سابقہ گورنر راجہ مہاراج سنگھ کرکٹر بھی تھے۔ ان کی عمر 72سال 192دن تھی، جب انہوں نے 25 سے 27نومبر 1950ء کو ممبئی میں ہونے والے کرکٹ میچ میں بیٹنگ کی۔ اس طرح انہیں معمرترین کرکٹر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

ریسلنگ کی ملکہ

ریسلنگ کو پوری دُنیا میں پسند کیا جاتا ہے۔ مشہور ومعروف خاتون ریسلر چائنا (Chyna) ریسلنگ کی ملکہ کہلاتی ہے۔ چائنا کا اصل نام جونیالائور ہے۔ یہ 27دسمبر 1971ء کو امریکہ میں پیدا ہوئی۔ 15برس کی عمر میں اس نے ویٹ لفٹنگ شروع کر دی۔ یہ 1997ء سے   ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن‘‘ (WWF) کی باقاعدہ ممبر ہے۔ یہ پہلی خاتون ہے جس نے کھیلوں کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 1999ء میں رائل رومیل میچ مکمل کیا۔ اسی سال اس نے پہلی خاتون انٹرکانٹی نینٹل چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا۔ اس نے 2000ء میں ایک ملین ڈالر معاوضہ حاصل کیا۔ WWF کے شائقین نے اسے   ڈیوا (Diva) آف دی ایئر‘‘ کا خطاب دیا۔

ڈیڑھ ڈالر چھیننے پر موت کی سزا

1986ء میں نائیجیریا کی ایک جنوبی ریاست اویو (Oyo) میں ایک عورت سے ڈیڑھ ڈالر کی رقم چھیننے پر ایک 50سالہ لوہار کو عدالت نے موت کی سزا سنائی۔ یہاں مسلح ڈکیتی کے ارتکاب پر بھی موت کی سزا دی جاتی ہے۔ یاد رہے کہ نائیجیریا کی متعدد ریاستیں شرعی قوانین کے نفاذ کا اعلان کر چکی ہیں۔

تحریر: عبدالوحید