بال چھوٹے کاٹنے پر ماڈل کا کیریئر تباہ، سیلون کو 2کروڑ جرمانہ

Published On 24 September,2021 06:11 pm

نئی دہلی:( ویب ڈیسک) دنیا بھر میں آئے روز عجیب و غریب واقعات پیش آتے رہتے ہیں اور اسی طرح کا ایک واقعہ بھارتی شہر نئی دہلی میں پیش آیا جہاں بھارتی ماڈل کے بال چھوٹے کاٹنے پر ایک سیلون کو 2کروڑ روپے جرمانہ کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق صارف عدالت میں 2018 میں ماڈل کی جانب سے سیلون کے خلاف ایک شکایت درج کرائی گئی جس میں موقف اپنایا گیا کہ سیلون کی جانب سے ان کے غلط اور چھوٹے بال کاٹ دیے گئے۔ جس کی وجہ سے ان کا کیرئیر تباہ ہوگیا اور کام ملنا بند ہوگیا۔

درج کرائی گئی شکایت میں خاتون ماڈل نے کہا کہ میں 2004 سے اس سیلون میں جارہی ہوں،اس مرتبہ جب سیلون گئی تو مجھے ایسے ہئیر ڈریسر سے بال کٹوانے کے لیے کہا گیا جس سے میں مطمئن نہیں تھی، میرے منع کرنے پر بھی سیلون نے کہا کہ اس ہئیر ڈریسر کا کام پہلے سے اچھا ہے لہذا آپ بال ان سے کٹوالیں۔

درخواست میں ماڈل کا کہنا تھا کہ ہئیر ڈریسر تقریباً ایک گھنٹے سے زیادہ میرے بالوں کی کٹنگ کرتا رہا جس پر میں نے پوچھا کہ اتنا وقت کیوں لگ رہا ہے تو ہئیر ڈریسر نے کہا کہ میں آپ کا ’لندن ہئیرکٹ ‘ کررہاہوں تاہم جب میں نے اپنے بال دیکھے تو وہ بالکل ٹھیک نہیں تھے، سیلون سے شکایات کی جس پر انہوں نے ٹریٹمنٹ کے نام پر میرے بال مزید خراب کردیے تاہم اب چھوٹے بالوں کی وجہ سے میں نے خوداعتمادی کھودی ہے اور مالی مسائل کا بھی سامنا ہے۔

صارف عدالت نے خاتون ماڈل کی درخواست پر کارروائی شروع کرتے ہوئے گزشتہ دنوں فیصلہ سنایا جس میں سیلون پر 2 کروڑ کا جرمانہ عائد کرتے ہوئے کہا کہ سیلون کی غلطی سے خاتون ماڈل کو مالی مسائل کا سامنا کرنا پڑا، ماڈل گزشتہ 2 سال سے صدمہ کا شکار ہیں لہذا انہیں 8 ہفتوں میں سیلون 2 کروڑ روپے ادا کرے۔
 

Advertisement