ثول:(روزنامہ دنیا) سعودی عرب کی کنگ عبداللہ یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے نمکین پانی اور دھوپ کے ذریعے ٹھنڈک پیدا کرنے والا ایسا نظام ایجاد کرلیا ہے جسے بجلی کی ضرورت نہیں ہوتی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق فی الحال یہ نظام تجرباتی مرحلے پر ہے اور اسے مختصر پیمانے پر کامیابی سے آزمایا جاچکا ہے ۔ اس نظام کی تیاری میں ‘‘حالت کی تبدیلی’’ کہلانے والا ایک قدرتی مظہر استعمال کیا گیا ہے ۔ اس مظہر کے تحت، نمک کی ٹھوس قلمیں پانی میں حل ہوتے دوران توانائی جذب کرتی ہیں۔ یعنی کہ گرم پانی میں نمک کی قلمیں شامل کرنے پر وہ تیزی سے ٹھنڈا ہوجائے گا۔
ابتدائی تجربات کے دوران جب امونیم نائٹریٹ اور پانی کو دھاتی کپ میں رکھا گیا تو صرف 20 منٹ بعد ہی پانی کا درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم ہو کر 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ اس کی تفصیل ‘‘انرجی اینڈ اینوائر نمنٹل سائنس’’ میں شائع ہوئی ہے ۔