چڑیا کا پرورش کرنیوالے جوڑے کو چھوڑ کر جانے سے انکار

Published On 11 November,2021 08:33 am

سلووینیا: (روزنامہ دنیا) جانور بھی پیار کی زبان خوب سمجھتے ہیں، جنگلی چڑیا نے اپنی پرورش کرنیوالے یورپی جوڑے کو چھوڑ کر واپس جنگل میں جانے سے انکار کر دیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یورپی ملک سلووینیا کے علاقے کوپر کے ایک نوجوان جوڑے نے ایک جنگلی چڑیا کی پرورش کی، جب وہ بڑی ہو گئی تو انہوں نے کئی بار کوشش کی کہ چڑیا اب واپس اپنے جنگلی ماحول میں واپس چلی جائے لیکن اس نے انکار کر دیا۔ جوڑے نے چڑیا کو آزاد چھوڑ رکھا ہے کہ وہ جہاں بھی جانا چاہے چلی جائے۔

الیش اور جنجا نامی جوڑے کو یہ چڑیا اس وقت ملی تھی جب وہ صرف دس روز کی تھی، جوڑے کے دوست کو اپنے بچے کے ساتھ چہل قدمی کے دوران یہ ایک اور مردہ بچے کے ساتھ زمین پر پڑی ملی تھی، انہوں نے آن لائن معلومات کے ذریعے اس کی بھرپور پرورش کی اور اب یہ انہیں اپنا والدین ہی سمجھتی ہے اور چھوڑ کر جانے کو تیار نہیں۔