ممبئی:(ویب ڈیسک) بھارتی خاتون نے عجیب و غریب اور حیرت انگیز کام کرنے کی ٹھان لی ہے اور خود سے شادی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 24 سالہ کشما بندو جو گجرات کی رہائشی ہے اور ایک پرائیویٹ فرم کی ملازم ہے اپنی شادی کی تیاری کر رہی ہے جو 11 جون کو ہو گی، بندو نے بہت سی ہندوستانی دلہنوں کی طرح ایک روایتی تقریب کا انتخاب کیا ہے جس میں پھیرے اور دیگر مذہبی رسومات شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون اپنے اہم دن پر دلہن کا لباس بھی پہننا چاہتی ہے اور تقریب کے بعد سندور لگانا چاہتی ہے، تاہم اس کی شادی میں کوئی دلہا نہیں ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق کشما بند کا کہنا تھا کہ خود کی شادی ایک عہد ہے کہ آپ ہوں اور اپنے آپ سے غیر مشروط محبت کریں، یہ خود قبولیت کا ایک عمل بھی ہے، لوگ جس سے محبت کرتے ہیں اس سے شادی کرتے ہیں، میں اپنے آپ سے پیار کرتی ہوں اور اسی لیے یہ شادی کررہی ہوں۔
بھارتی میڈیا کیے مطابق گجرات کی رہائشی خاتون گوتری کے ایک مندر میں خود سے شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ، جس کے لئے انہوں نے ایک خاص تیاری کررکھی ہے۔
سولوگیمی (Sologamy) کیا ہے؟
خود سے شادی کرنے کے عمل کو اکثر sologamy، autogamy یا self-marriage کہا جاتا ہے اور حالیہ برسوں میں خاص طور پر امیر خواتین میں اس میں اضافہ دیکھا گیا ہے، اسے اب تک نہ تو کسی ملک کے قانون نے تسلیم کیا ہے اور نہ ہی کسی سماجی اصول نے، لیکن پھر بھی کئی خواتین اور چند مردوں کی جانب سے ایسا کیا گیا ہے۔