لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کے بادشاہ چارلس اور لیڈی ڈیانا کی شادی کا کیک نیلامی کیلئے پیش کیا جائے گا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق چار دہائیوں قبل ہونے والی برطانیہ کے اس وقت کے شہزادے اورموجودہ بادشاہ چارلس اورلیڈی ڈیانا کی شادی کا کیک نیلام کیا جائے گا، بادشاہ چارلس اور لیڈی ڈیانا کی شادی 1981 میں ہوئی تھی جس میں 3 ہزار سے زائد مہمانوں نے شرکت کی تھی،کیک کو نیلامی کے لئے پیش کرنے والے نائیجل رکیٹس شادی کے مہمانوں میں شامل تھے۔
شاہی خاندان کی سب سے مشہور شادی کا کیک ایک برطانوی آکشن ہاؤس کے ذریعے نیلام کیا جائے گا، نیلامی سے قبل کیک کے ٹکڑے کی ممکنہ قیمت کا اندازہ 300 پاؤنڈز لگایا گیا ہے، کیک کے ٹکڑے کو اس کے اصل باکس میں محفوظ رکھا گیا ہے۔
بادشاہ چارلس اور ڈیانا کی شادی کے لئے سرکاری طور پر23 کیک تیار کئے گئے تھے اور خیال کیا جا رہا ہے کہ نیلامی کے لئے پیش کیا جانے والا کیک کا ٹکڑا 5 فٹ لمبے اور پانچ تہوں والے مرکزی کیک کا حصہ تھا، اس سے قبل 2014 میں ایک کیک کا ٹکڑا 1375 پاؤنڈز میں نیلام ہوا تھا۔