30 سیکنڈ تک 150 موم بتیاں منہ میں جلا کر گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم

Published On 21 October,2022 11:28 am

لاہور: (ویب ڈیسک) امریکا کے ایک شخص نے 30 سیکنڈوں تک 150 موم بتیاں منہ میں جلا کر گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔

 

امریکی ریاست آئیڈاہو سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ رش کا کہنا تھا کہ وہ اس سے پہلے بھی اس ریکارڈ کی کوشش کر چکے ہیں لیکن کچھ موم بتیاں منہ سے گِر جانے کی وجہ سے وہ ریکارڈ نہیں بنا سکے تھے۔

ریکارڈ بنانے کے لئے کی جانے والی حالیہ کوشش کے بعد ڈیویڈ رش کا کہنا تھا کہ تمام موم بتیوں کا وزن اتنا تھا کہ منہ میں لعاب کی بہتات کی وجہ سے موم بتیاں پھسلنے لگیں، صرف 5 سیکنڈز میں وہ منہ سے پھسل کر گرتی محسوس ہوئیں اس لئے پھر انہوں نے موم بتیوں کو دانتوں سے مزید سختی سے پکڑ لیا۔

انہوں نے کہا کہ اس کوشش کے دوران انہوں نے آنکھ پر حفاظتی شیلڈ لگائی ہوئی تھی لیکن موم بتیوں کے دھوئیں سے مشکل کا سامنا تھا۔

اس سے قبل شمالی کیرولائنا کے جیریٹ جیمز 2021 میں 105 موم بتیوں سے یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا، واضح رہے ڈیوڈ رش اپنی اسٹیم ایجوکیشن کے فروغ کے لئے 250 کے قریب گینیز ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔