لاہور: (ویب ڈیسک) سپین کے شمال مغرب میں واقع گاوں دو لاکھ 59 ہزار امریکی ڈالر یعنی پاکستانی پانچ کروڑ 61 لاکھ روپے میں فروخت کیلئے پیش کیا گیا ہے۔
سالٹو ڈی کاسٹرو گاوں پرتگال کی سرحد سے متصل ہے اور سپین کے دارالحکومت میڈرڈ سے تقریباً 3 گھنٹے کی مسافت پر زمورا صوبے میں واقع ہے۔
ہسپانوی میڈیا کے مطابق اس گاؤں میں 44 رہائشی مکانات، ایک ہوٹل، ایک سکول اور ایک میونسپل سوئمنگ پول کے ساتھ ساتھ ایک بیرک بھی شامل ہے جہاں پہلے سول گارڈ رہتے تھے، تاہم اس گاوں میں آج تک کوئی آباد نہیں ہو سکا اور یہ تین دہائیوں سے اپنے رہائشیوں کا انتظار کر رہا ہے۔
موجودہ مالک نے سیاحتی مقام بنانے کی غرض سے اس گاوں کو 2000 کی دہائی کے آغاز میں خریدا تھا تاہم یورو زون کے بحران نے ان کے منصوبے کو پنپنے نہیں دیا۔
ویب سائٹ پر گاؤں کی فروخت کے اشتہار کے ساتھ 80 سالہ مالک کی جانب سے لکھا گیا ہے کہ میں اس گاوں کو اس لئے بیچ رہا ہوں کیوں کہ میں شہر کا رہنے والا ہوں اور گاؤں کا خیال نہیں رکھ سکتا، اشتہار کو ایک ہفتے میں 50 ہزار افراد دیکھ چکے ہیں۔