ممبئی (ویب ڈیسک) بھارت میں انشورنس کی رقم ہتھیانے کے لالچ میں بیوی کو قتل کر کے ایکسیڈنٹ کا ڈرامہ رچانے والے شوہر کو گرفتار کر لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست راجستھان میں ایک کروڑ 90 لاکھ روپے کی انشورنس لینے کی لالچ میں ایک شخص نے اپنی بیوی کو گاڑی کی ٹکر سے مروا کر ڈرامائی انداز میں ٹریفک حادثہ ثابت کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے تحقیقات کے بعد اسے گرفتار کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست راجستھان کے علاقے جے پور پولیس نے بتایا کہ مہیش چند نامی شخص نے کرائے کے قاتل کو 10 لاکھ روپے دے کر اپنی بیوی کو مارنے کیلئے راضی کیا۔ جب اس کی بیوی شالو اپنے کزن راجو کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر جا رہی تھی تو کار نے ٹکر مار کر دونوں کو ہلاک کر دیا۔
پولیس تفتیش کے دوران مہیش چند نے بیوی کے قتل کو روڈ حادثہ قرار دینے کی کوشش کی۔ تحقیقات کے دوران ملزم کے اعترافی بیان نے قتل کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ ملزم کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ 90 لاکھ روپے کی انشورنس لینے کیلئے بیوی کو قتل کرایا۔ پولیس نے ملزم کے ساتھ سازش میں ملوث مزید 5 افراد کو گرفتار کرلیا۔