کینساس: (ویب ڈیسک) 30 سالہ نوجوان رائفل پر کتے کا پاؤں لگنے سے چلنے والی گولی کے نتیجے میں ہلاک ہو گیا ہے۔
پولیس کے مطابق نوجوان شکاری جوزف آسٹن امریکی ریاست کینساس کے شہر ویچٹا (Wichita) سے ہفتہ وار چھٹیوں کے موقع پر شکار کرنے کیلئے گیڈا اسپرنگز (Geuda Springs) کے علاقے میں آیا ہوا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں صبح 9:47 منٹ پر کال موصول ہوئی کہ ایک پک اپ ٹرک میں سوار شخص کو کسی نے پیٹھ پر گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے جس کے بعد فوری طور پر پولیس کو موقع پر روانہ کر دیا گیا تھا۔
کینساس پولیس شیرف کا کہنا ہے کہ کال آنے کے چند منٹوں میں ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی تھی جہاں ایک پک اپ ٹرک میں نوجوان جوزف آسٹن کی لاش مسافر سیٹ پر موجود تھی، نوجوان کو پیٹھ میں گولی لگی ہوئی تھی۔
شیرف کے مطابق گاڑی کی پچھلی سیٹ پر نوجوان کا کتا بھی موجود تھا جس کے ساتھ ہی شکار کیلئے لایا ہوا سامان رکھا ہوا تھا جس میں نوجوان کی شکاری رائفل بھی پڑی ہوئی تھی۔
پولیس چیف کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ پچھلی سیٹ پر رکھی ہوئی لوڈڈ رائفل پر کتے کا پاؤں لگنے سے گولی چل گئی جس سے نوجوان شکاری ہلاک ہو گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہے تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کہ گولی چلنے کے وقت گاڑی میں کوئی اور بھی موجود تھا یا نہیں۔