شنگھائی: (ویب ڈیسک) جدید دور کی تیز رفتار زندگی کے ذہنی و جسمانی دباؤ سے نجات کے حصول کے لیے مساج مفید ثابت ہو سکتا ہے لیکن چین میں ایک شخص مساج کی وجہ سے جان کی بازی ہار گیا۔
رپورٹس کے مطابق 27 سالہ ژانگ نامی صحت مند شہری شنگھائی میں ایک مساج پارلر گئے جہاں انھوں نے گردن اور کندھوں کا مساج لیا اور پھر نہانے کے بعد گھر کی طرف چل دیئے۔
بتایا جا رہا ہے کہ مساج اور نہانے کے بعد ژانگ کو چکر آنے لگے تھے، بعد ازاں انھیں ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ رات گئے جان کی بازی ہار گئے۔
ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ گردن کے مساج کی وجہ سے ژانگ کو دماغی انفیکشن ہو گیا تھا، کیوں کہ مساج کی وجہ سے ان کی گردن اپنی جگہ سے ہٹ گئی تھی اور اسی وجہ سے ان کی موت واقع ہوگئی۔
واقعے کے بعد ایک سرجن نے میڈیا سے گفتگو میں خبردار کیا کہ گردن ایک نازک جگہ ہے جس کا غلط مساج موت کی طرف بھی لے جا سکتا ہے۔
بتایا گیا کہ ژانگ نے مساج پارلر آ کر کہا تھا کہ وہ گردن اور کندھوں میں بے چینی محسوس کر رہے ہیں، مساج کے بعد انھوں نے شاور لیا اور گھر کی طرف چل پڑے، اچانک انھیں چکر آئے اور پھر وہ گر گئے۔