ابوظہبی : ( ویب ڈیسک ) متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) میں کافی شاپ پر ملازمت کرنے والا فلپائنی شہری لاٹری میں 15 ملین درہم جیت کر 2023 کا پہلا کروڑ پتی شخص بن گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کافی شاپ پر مینجر کی ملازمت کرنے والے رسل ریز نامی فلپائنی شہری نے لکی ڈرا میں 15 ملین درہم (33 کروڑ روپے) جیتے ہیں جس کے بعد انہیں رواں سال 2023 کا پہلا کروڑ پتی شخص قرار دے دیا گیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ رسل ریز نے لاٹری کا ٹکٹ چند پیسوں میں خریدا تھا جبکہ ’’ 15 ‘‘ نمبر ان کے لئے لکی ثابت ہوا جس کی وجہ سے وہ 15 ملین درہم جتنی بڑی رقم جیتنے میں کامیاب ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دیئے گئے اپنے ایک انٹرویو میں رسل نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ’’ مجھے ابھی تک اس بات پر یقین نہیں آرہا کہ میں اتنی بڑی رقم جیت چکا ہوں ‘‘۔
رسل نے مزید بتایا کہ انہوں نے لاٹری جیتنے کے بعد جب اپنی بیوی کو اس بات کی اطلاع دی تو اس نے انکی بات پر یقین نہیں کیا جبکہ اسکے بھائی نے اس بات کو مذاق قرار دیا ۔