باپ نے بیٹی کی رخصتی ہیلی کاپٹر پر کر کے سب کو حیران کر دیا

Published On 11 June,2023 11:45 am

مظفرآباد: ( محمد اسلم میر سے) آزاد کشمیر میں دلہن نے دلہا کو اس وقت حیران کر دیا جب وہ ہیلی کاپٹر میں سوار ہو کر بابل کے گھر سے رخصت ہوئی۔

دلہا راولپنڈی سے براستہ سڑک برات لیکر باغ پہنچا، بابل نے دلہا اور دلہن سمیت پورے علاقے کو اس وقت حیران کر دیا جب اس نے اپنی گڑیا کو دلہن بنا کر ہیلی کاپٹر کے ذریعے پیا کے گھر روانہ کیا۔

آزاد کشمیر کی اس منفرد شادی کو دیکھنے کے لئے لوگوں کی بڑی تعداد ہیلی پیڈ پر موجود تھی، اڑان بھرنے سے پہلے دلہا اور دلہن نے شادی کو یادگار بنانے کیلئے ہیلی کاپٹر کے ساتھ تصویریں بنائیں۔

اس موقع پر دلہن ڈاکٹر آمنہ کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر پر بیٹھ کر رخصتی انُ کی زندگی کا یاد گار دن تھا۔

دلہا ڈاکٹر عبد المجید نے کہا کہ وہ جب واپس برات لیکر گاڑی میں بیٹھے تو راستے میں ہیلی کاپٹر کو دیکھ کر انہیں یقین نہیں آ رہا تھا کہ ان کی برات ہیلی کاپٹر کے ذریعے واپس راولپنڈی جا رہی ہے، ‎ہیلی کاپٹر کے ذریعے برات واپس لے کر زندگی کے نئے سفر کا آغاز کر کے دلی خوشی ہوئی اور دلہن والوں کی طرف سے یہ سرپرائز بھی اچھا لگا۔

دلہا ڈاکٹر عبد المجید کا تعلق کھاوڑہ مظفرآباد سے ہے اور آج کل راولپنڈی میں رہائش پذیر ہیں جبکہ دلہن ڈاکٹر آمنہ کا تعلق باغ سے ہے، دونوں میاں بیوی میر واعظ مولوی محمد فاروق میڈیکل کالج مظفرآباد میں ایک ساتھ ایم بی بی ایس کی تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ راولپنڈی سے آزاد کشمیر ہیلی کاپٹر کا یکطرفہ کرایہ 10 لاکھ روپے سے زائد ہے۔