لاس اینجلس: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست کے رہائشی ایک خاندان کو پرانے گھرسے صفائی کے دوران ہزاروں ڈالرز کے سکے ملے ہیں۔
یہ واقعہ لاس اینجلس میں پیش آیا جہاں شمالی کیلیفورنیا کا رہائشی شخص اپنی بیگم کے ہمراہ سسر کے پرانے مکان کی صفائی کیلئے پہنچا تھا، صفائی کے دوران دونوں میاں بیوی کو گھر کے کونے میں کپڑے کی درجنوں تھیلیاں ملیں جن میں سکے تھے، تھیلیوں کے علاوہ گھر کے مختلف مقامات پر ڈبوں میں بھی سکے پڑے ہوئے تھے، جب ان سکوں کا اندازہ لگایا گیا تو وہ 10 ہزار ڈالرز سے بھی زیادہ نکلے۔
جرمنی سے نقل مکانی کرنے والے امریکی شہری کے سسر نے یہ گھر 1900ء میں تعمیر کیا تھا جو کہ ان کی وفات کے بعد سے خالی پڑا ہوا تھا، برآمد ہونے والے زیادہ تر سکے تانبے کے ہیں، سکوں کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث بینکوں کا کہنا ہے کہ ان کے لاکرز میں انہیں رکھنے کی جگہ موجود نہیں۔
بعض ماہرین کے مطابق سکوں میں کوئی ایسا یادگار و نایاب سکہ بھی موجود ہو سکتا ہے جس کی مالیت لاکھوں ڈالر میں ہو، تاہم اس قدر بڑی تعداد میں موجود سکوں کو ایک ایک کر کے دیکھنا کسی امتحان سے کم نہیں، خاندان نے اس سارے جھنجٹ سے بچنے کیلئے تمام سکے 25 ہزار ڈالرز میں فروخت کرنے کا اشتہار دیا ہے۔