قاہرہ: (ویب ڈیسک) جنوبی مصر میں ایک بھکاری عورت کی موت کے بعد اس کے دولتمند ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق علی عبدالجلیل نامی بھکارن کے پاس 10 لاکھ پاؤنڈز تھے اور وہ قنا گورنری میں گلیوں اور بازاروں میں لوگوں سے بھیک مانگ کر گزر بسر کرتی تھی۔
رپورٹس کے مطابق چند روز قبل یہ عورت اپنے گھر کے اندر مردہ پائی گئی اور اس کے بہن بھائیوں کے بھی بہت غریب ہونے کی وجہ سے علاقے کے رہائشیوں نے تدفین کے اخراجات ادا کئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مرنے کے 10 دن بعد جب عورت کے گھر کی تلاشی لی گئی تو وہاں سے تقریباً 10 لاکھ پاؤنڈ برآمد ہوئے جو گھر کے صحن میں ایک تھیلے میں چھپائے گئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق تھیلے میں زیادہ تر دھاتی سکے اور کچھ نوٹ تھے جس کے بعد لوگوں نے رقم کو عورت کے 5 بہن بھائیوں میں تقسیم کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس واقعے کے بعد مقامی لوگوں نے بھکاری عورت کے پاس اتنی بڑی رقم ہونے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افسوس مرنے والی عورت اپنی زندگی میں اس رقم سے اپنے لئے آسانیاں پیدا نہ کر سکی۔