دنیا کی پانچویں بلند ترین عمارت پر چڑھنے والا شخص گرفتار

Published On 13 June,2023 07:00 am

سئیول : ( ویب ڈیسک ) جنوبی کوریا کے دارالحکومت سئیول میں واقع فلک بوس عمارت ’ لوٹے ورلڈ ٹاور ‘ پر چڑھنے والے برطانوی شہری کو گرفتار کر لیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک برطانوی شخص نے سئیول میں واقع 123 منزلہ دنیا کی پانچویں بلند ترین عمارت’ لوٹے ورلڈ ٹاور ‘ پر بغیر رسیوں کے چڑھنے کی کوشش کی جسے حکام کی جانب سے حراست میں لے لیا گیا۔

24 سالہ شخص شارٹس پہنے ہوئے ایک گھنٹے سے زائد وقت تک تاریخی فلک بوس عمارت پر چڑھتا رہا۔

فائر ڈیپارٹمنٹ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ وہ 73 ویں منزل پر پہنچا تھا جہاں حکام نے اسے عمارت میں داخل ہونے پر مجبور کیا اور بعدازاں پولیس نے اسے پوچھ گچھ کے لئے اپنی تحویل میں لیا۔

مقامی میڈیا کی جانب سے اس شخص کی شناخت ’ جارج کنگ تھامسن ‘ کے نام سے کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں برطانوی میڈیا نے بتایا کہ جارج کنگ تھامسن نامی اس شخص کو 2019 میں لندن میں شارڈ بلڈنگ پر چڑھنے کے جرم میں گرفتار کر کے جیل بھیجا گیا تھا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 2018 میں ایک فرانسیسی شہری نے بھی ’ لوٹے ورلڈ ٹاور ‘ پر چڑھنے کی کوشش کی تھی جو آدھے سے زیادہ فاصلہ طے کر چکا تھا لیکن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا تھا۔