درختوں کو گلے لگانے والی خاتون کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

Published On 27 June,2023 02:04 pm

شنگھائی: (ویب ڈیسک) چین میں درختوں کو گلے لگانے والی خاتون کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں، ان کے مطابق ایسا کرنے سے طبعی اور نفسیاتی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔

شنگھائی کی رہائشی خاتون قائی شیجائی نے بتایا کہ اس سال اپریل میں شام کے وقت اپنے شوہر کے ساتھ باہر چہل قدمی کر رہی تھیں، اس وقت وہ کچھ تناؤ میں بھی تھیں اور ان کے کان مسلسل بج رہے تھے، اچانک وہ ایک درخت سے لپٹ گئیں اور کافی دیر اس کے ساتھ کھڑی رہیں۔

کام کی زیادتی سے ان کے کانوں کی جھنجھناہٹ یکدم ختم ہوگئی اور شجر کے تنے کو گلے لگاتے ہوئے وہ ایک شاندار احساس سے گزریں، اب نہ صرف انہوں نے باری باری ہر درخت کو سینے سے لگانے کو معمول بنا لیا بلکہ درختوں کے فوائد پر لکھنے بھی لگی ہیں۔

خاتون نے اصرار کیا ہے کہ وہ انسانوں سے گلے ملنے سے ہچکچاتی ہیں کیونکہ وہ سمجھتی ہیں کہ عام افراد ان میں بھری منفی توانائی کو کم نہیں کر سکتے، دوسری جانب درخت اسے ’خاموشی اور صبر سے سنتے‘ ہیں۔

انسٹاگرام جیسی ایک چینی ایپ ’ژیاؤشومگشو‘ پر قائی شیجائی نے کہا کہ سب سے پہلے ایک پارک میں ہزار سال قدیم درخت نے اسے شفا پہنچائی، خاتون کہتی ہیں کہ ایسا لگتا ہے کہ خود درخت مجھے گلے لگا رہا ہے اور میرا بوجھ اٹھا رہا ہے۔

دوسری جانب کئی تحقیقات سے ثابت ہو چکا ہے کہ سبزہ اور درخت انسان کی صحت پر انتہائی مفید اثرات مرتب کرتے ہیں۔