فلوریڈا: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست کے ایک ایلیگیٹر پارک میں سفید رنگ کے نایاب مگر مچھ کی پیدائش ہوئی ہے جو اپنی نسل کا آٹھواں مہمان ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق گیٹرلینڈ اورلینڈو نے سوشل میڈیا پوسٹ میں نایاب مگر مچھ کی پیدائش کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ یہ مگرمچھ نایاب سے بھی بالاتر ہے، یہ بالکل غیر معمولی اور دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا مگر مچھ ہے،دنیا میں صرف 8 لیوسیٹک مگرمچھ ایسے ہیں جن میں سے 3 گیٹرلینڈ میں رکھے گئے ہیں۔
پارک حکام نے بتایا کہ نئے پیدا ہونے والے مگر مچھ کے علاوہ باقی تمام کی جلد پر کچھ نہ کچھ دھبے ہیں جبکہ یہ مکمل سفید مگرمچھ پہلی بار پیدا ہوا ہے، مگرمچھوں میں لیوسیزم ایک غیر معمولی جینیاتی حالت ہے جو سفید رنگت کا باعث بنتی ہے لیکن ان کی جلد پر عام طور پر مخصوص رنگ کے دھبے ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دھبوں کے بغیر مگر مچھ زیادہ دیر تک براہ راست سورج کی روشنی میں نہیں رہ سکتے کیونکہ ایسا عمل ان کی جلد کو جلا دیتا ہے، لیوسیٹک مگرمچھ البینو مگرمچھوں سے مختلف ہوتے ہیں جن میں رنگت پیدا کرنے والے خلیوں کی مکمل کمی ہوتی ہے اور ان کی آنکھوں کی رنگت بھی چمکدار نیلی نہیں بلکہ گلابی ہوتی ہے۔