ریاض :(ویب ڈیسک) سعودی عرب میں بہرہ بچے کا ’’کوکلیئر امپلانٹ‘‘ آپریشن کامیاب ہوا تو بچہ اپنا نام سن کر رونے لگا۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر ’’اسمعک‘‘ ایسوسی ایشن فہد السبیعی نے مقامی میڈیا کو بچے محمود کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ بچہ مکمل بہرا پن کا شکار تھا، وہ سعودی عرب میں مقیم ہے اور اس نے ایسوسی ایشن کو علاج کی درخواست جمع کرائی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بچے کا علاج ڈیڑھ لاکھ ریال کی لاگت سے کیا گیا، اس کا ’’کوکلیئر امپلانٹ ‘‘آپریشن کیا گیا، آپریشن اور زخم کے ٹھیک ہونے کے دو ہفتے بعد بیرونی پروسیسر نصب کیا گیا اور بچہ اچھی طرح سے سننے لگا۔
فہد السبیعی کا کہنا تھا کہ اس وقت اس نے پہلی مرتبہ آوازیں سنیں اس سے قبل وہ نہیں جانتا تھا کہ آوازیں کیا ہیں، وہ سن سکتا تھا نہ بول سکتا تھا۔
ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے بتایا کہ انجمن کا کردار آپریشن کی کامیابی کے ساتھ ختم نہیں ہوجائے گا بلکہ 3 سال تک کے مراحل میں بچے کی بحالی کا کام جاری رکھا جائے گا تاکہ وہ ایک عام بچہ بننے کے لیے زبان کو اچھی طرح سے سیکھ لے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسوسی ایشن نے خاندانوں پر مالی بوجھ کو کم کرنے کے لیے سعودی باشندوں اور مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے مقیم افراد کے لیے 75 ’’کوکلیئر امپلانٹس‘‘ لگائے ہیں۔