سعودیہ میں خواتین کو قائدانہ فرائض سونپے گئے ہیں: شیخ عبدالرحمان السدیس

Published On 09 March,2024 06:31 pm

ریاض:(دنیا نیوز) حرمین شریفین اتھارٹی میں دینی امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے کہا ہے کہ سعودیہ میں خواتین کو قائدانہ فرائض سونپے گئے ۔

سربراہ حرمین شریفین اتھارٹی و دینی امور شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس کا کہنا تھا کہ اسلام نے خواتین کو بلند و باعزت مقام دیا ہے، معاشرے کی ترقی اور تعمیر میں خواتین کا اہم کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے خواتین کو اہم عہدوں پر تعینات کیا، خواتین کو قائدانہ فرائض سونپے گئے جنہیں انہوں نے بخوبی نبھایا۔

ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس کا کہنا تھا کہ مملکت میں خواتین کے حقوق کا تحفظ کیا جاتا ہے، شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کے دور میں خواتین کو بااختیار بنایا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حرمین شریفین میں آنے والی خواتین کی رہنمائی کیلئے بھی سعودی خواتین کا کردار نمایاں ہے،جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔