روسی صدر پیوٹن کی شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

Published On 07 December,2023 04:47 am

ریاض: (دنیا نیوز) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن متحدہ عرب امارات کا دورہ مکمل کرنے کے بعد سعودی عرب پہنچ گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یو اے ای کے دورہ کے دوران ابو ظہبی کے شاہی محل میں اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی، اس دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی، ولا دیمیر پیوٹن کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات اور روس شراکت دار ہیں۔

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کے بعد روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے سعودی عرب کا دورہ کیا اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، اس دوران دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جاری اسرائیلی فوج کی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی، روس یوکرین جنگ کے علاوہ مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی ولی عہد سے گفتگو کے دوران صدر پیوٹن نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات کو آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا، خطے میں جو ہو رہا ہے اس پر بات چیت ضروری ہے، ملاقات کے موقع پر روسی صدر نے سعودی ولی عہد کو دورہ ماسکو کی دعوت بھی دی جبکہ صدر پیوٹن کی دعوت پر شہزادہ محمد بن سلمان نے شکریہ  ادا کیا۔