100عالمی ریکارڈ بنانے والا پہلا نوجوان پاکستانی کھلاڑی

Published On 04 April,2024 06:06 pm

ڈی آئی خان :(ویب ڈیسک ) جیکی چن سے متاثر ڈی آئی خان کا نوجوان 100 عالمی ریکارڈ بنا کر پہلاپاکستانی کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

عرفان محسود کا کہنا ہےکہ مجھے جیکی چن کے کراٹے بہت پسند تھے،اس لیے میں نے کم عمری سے مارشل آرٹس کے ساتھ رشتہ جوڑ لیا۔

باصلاحیت نوجوان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنے علاقے میں اپنی مدد آپ کے تحت ٹریننگ کرتا رہا لیکن 2009 میں جب وزیرستان میں حالات خراب ہوئے تو وہاں سے بہت سے خاندان ہجرت کر کے ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک آگئے،ان خاندانوں یا افراد کو آئی ڈی پیز کہا گیا، انہی آئی ڈی پیز میں سے ایک عرفان محسود بھی تھے جو اپنا سب کچھ چھوڑ کر ڈیرہ اسماعیل خان آئے۔

عرفان محسود کا کہنا ہے کہ اس کے بعد سے آج تک وہ ڈیرہ اسماعیل خان ہی میں رہائش پذیر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  2005 سے مارشل آرٹس سے وابستہ ہیں اور ڈیرہ اسماعیل خان آنے کے بعد بھی انہوں نے مارشل آرٹس سے تعلق قائم رکھا،اس دوران ایک وقت ایسا بھی آیا کہ انہوں نے 2016 میں اپنا پہلا گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ قائم کیا، تب سے لے کر آج تک انہوں نے محض آٹھ برسوں میں 100 عالمی ریکارڈز بنائے ہیں،یوں  آٹھ برس کے مختصر عرصے میں 100 ورلڈ ریکارڈز بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔

نوجوان کھلاڑی نے بتایا کہ انہوں نے اپنے علاقے میں وُشُو کنگفو، ایم ایم اے، باکسنگ، جمناسٹک کو متعارف کرایا، اس کے علاوہ قومی، صوبائی اور فاٹا کی سطح پر ووشو اور شاولین ووشو کُنگفو میں گولڈ میڈلسٹ بھی رہے،2009 میں وزیرستان آپریشن کی وجہ سے ان کا خاندان بے گھر ہو گیا تھا لیکن اپنے شوق کے ساتھ سفر جاری رکھا۔

واضح رہے عرفان محسود نے گومل یونیورسٹی سے ایم بی اے اور سرحد یونیورسٹی سے سپورٹس سائنسز میں ماسٹر کی ڈگریاں حاصل کر رکھی ہیں۔