دنیا بھر سے 366 کلاسک اور ڈیجیٹل گھڑیاں جمع کرنے والا بوڑھا

Published On 03 April,2024 02:08 pm

میونخ(ویب ڈیسک) دنیا بھر سے 366 گھڑیاں جمع کرنے والے 76 سالہ جرمن شہری جس نےدنیا بھر کی سیر کی اور ہر ملک سے ایک گھڑی خرید کر اپنی کلیکشن بنائی۔

غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جرمن شہری کا کہنا تھا کہ میں نے لفتھانزا ایئر لائن کیلئے کام کیا، جب آپ لفتھانزا ایئر لائن کیلئے کام کرتے ہیں تو آپ کو جہاز کے ٹکٹ سستے داموں ملتے ہیں، میں نے بھی مختلف ممالک کے سفر کے دوران ٹکٹ کا صرف10 فیصد ادا کیا۔

جرمن شہری کا مزید کہنا تھا کہ میں نے پوری دنیا کا سفر کیا ہے اور سفر کے دوران اپنی والدہ کو بھی ساتھ لے کرگیا جو بدقسمتی سے اب ہمارے درمیان موجود نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری والدہ نے ہی مجھے آئیڈیا دیا کہ ہم ہر ملک کی سیر سے واپسی پر وہاں کی ایک گھڑی لا سکتے ہیں، مجھے والدہ کا یہ آئیڈیا بہت اچھا لگا۔

جرمن شہری کا مزید کہنا تھا کہ میں نے 1975کو میکسیکو سے کوکا کولا کے برانڈ کی پہلی گھڑی خریدی،اس کے بعد یہ شوق بڑھتا گیا، اب میرے پاس کلیکشن میں کچھ کلاسک اور کچھ ڈیجیٹل ماڈلز کی گھڑیاں موجود ہیں ۔