ہیمبرگ: مسلح شخص کے داخل ہونے پرایئرپورٹ بند، پروازیں منسوخ

Published On 05 November,2023 09:57 am

جرمنی : (ویب ڈیسک ) جرمنی کے شہر ہیمبرگ کے ایئرپورٹ پر مسلح شخص کے داخل ہونے کے بعد ایئرپورٹ کو بند کردیا گیا جبکہ متعدد پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا  کے مطابق ہفتہ کی شام ایک مسلح شخص تیز رفتار گاڑی کے ساتھ ایئرپورٹ کے ممنوعہ سیکیورٹی ایریا میں داخل ہوا تو عملے کو مجبوراً ایئر پورٹ بند کرنا پڑا۔

خبر رساں ادارے نے پولیس ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلح شخص نے دو بار ہوائی فائرنگ بھی کی۔

رپورٹ کے مطابق مسلح شخص کی بیوی نے کچھ وقت قبل پولیس سے ممکنہ طور پر بچوں کے اغوا کے بارے میں رابطہ کیا تھا۔

جرمن پولیس کا کہنا ہے مسلح شخص کی کار میں دو بچے بھی موجود ہیں، ایئرپورٹ پر یرغمالی صورتحال کے پیش نظر آپریشن شروع کر رہے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جرمن پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا تاہم ایئرپورٹ حکام نے جہازوں کی روانگی اور آمد عارضی طور پر روک دی ہے۔

ہیمبرگ ائیرپورٹ کے ترجمان کے مطابق ائیرپورٹ پر پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث 27 پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔