کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس نے کراچی کا دورہ کیا اور مختلف سیاستدانوں سے ملاقاتیں کیں۔
جرمن سفیر نے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، مصطفیٰ کمال، ڈاکٹر فاروق سے ملاقات کی، ملاقات میں جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز بھی موجود تھے، ملاقات کے دوران ایم کیو ایم کے وفد سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ بھی پڑھیں: نگران وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر سے جرمن سفیر کی ملاقات
جرمن سفیر کی بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ جام کمال سے بھی ملاقات ہوئی، مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز نے کہا کہ جرمن حکومت کی جانب سے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی، سیلابی صورتحال پر متاثرین کی بحالی کے لئے 180 ملین یورو دیئے گئے تھے۔
جرمن سفیر نے کہا کہ پاکستان خطے میں ایک اہم ملک ہے اور ہم پاکستان کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں، پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جن سے ہمارے اچھے تجارتی تعلقات ہیں، پاکستان کی ترقی میں جرمنی ہر ممکن مدد فراہم کرتا رہا ہے۔