اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں جرمن سرمایہ کاری میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف سے جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس نے ملاقات کی، جرمن سفیر نے شہباز شریف کو دوبارہ وزیراعظم بننے پر مبارک باد دی، وزیراعظم شہباز شریف نے جرمنی کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے مبارکباد کا پیغام بھیجنے پر جرمن چانسلر اولاف شولز کا بھی شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جرمن تجارتی وفد کو پاکستان بھیجنے کا خیرمقدم کرتے ہیں، وزیراعظم نے جرمن چانسلر کو جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
جرمن سفیر الفریڈ گراناس نے کہا کہ جرمنی تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔