سورج گرہن دیکھنے کیلئے دوسرے ممالک جانے والی خاتون

Published On 06 April,2024 07:28 pm

نیویارک :(دنیا نیوز)امریکی خاتون لٹیشیا فیرر سورج گرہن کی ’عاشق‘ ہیں یعنی وہ آسمان پر اس منظر کو دیکھنے کے جنون میں مبتلا ہیں اور اس مقصد کے لیے طویل سفر کرتی ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ریاست ٹیکساس کی 63 سالہ خاتون کا کہنا ہے کہ انہوں نے مکمل سورج گرہن دیکھنے کے لیے تمام سات براعظموں اور یہاں تک کہ سمندر کا بھی سفر کیا اور 1998 سے اب تک تمام اور اس سے پہلے کے بھی کئی سورج گرہن دیکھ چکی ہیں۔

پیر کو شمالی امریکہ میں مکمل گرہن دیکھنے کے بعد یہ تعداد بڑھ کر 21 ہو جائے گی، لیکن اس بار انہیں زیادہ دور جانے کی ضرورت نہیں،ڈیلاس کے علاقے فارمرز برانچ میں واقع ان کے گھر سے سورج گرہن دیکھا جا سکتا ہے یا جب چاند مکمل طور پر سورج کے سامنے آ جائے گا،اس کے باوجود وہ سورج گرہن سے کچھ دیر اور لطف اندوز ہونے کے لیے تقریباً ایک گھنٹہ جنوب کی جانب سفر کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

فیرر کہتی ہیں کج میں اس احساس کی عادی ہوں، چند سیکنڈ یا منٹس تک کائنات کے ساتھ ایک ہونا اور واقعی موجود ہونا اور اسے محسوس کرنا اور پھر بلاشبہ ہمیشہ اگلے سورج گرہن کی منصوبہ بندی ہوتی ہے۔

اپنے بارے میں فیرر بتاتی ہے کہ میری زندگی سورج گرہنوں کے درمیان بٹی ہوئی ہے، وہ سفر کے لیے بجٹ بناتی ہیں اور سورج گرہن دیکھنے کے لیے اپنی دن کی نوکری سے چھٹیاں لیتی ہیں، اب وہ شمالی امریکہ میں تیسری مرتبہ سورج گرہن دیکھیں گی۔

فیرز کا مزید کہنا تھا کہ میں ان میں سے ایک سورج گرہن دیکھنے یورپ جا چکی ہوں، دو بار افریقہ جا چکی ہوں، تین بار آسٹریلیا گئی، دو بار انٹارکٹیکا تین بار ایشیا گئی، جبکہ میرے خیال میں انڈونیشیا اس میں شامل ہے۔