قیمے والا سموسہ فروخت کرنے والا مسلمان دکاندار گرفتار

Published On 09 April,2024 09:29 pm

گجرات :(ویب ڈیسک ) بھارتی ریاست گجرات میں سموسوں میں گائے کا گوشت استعمال کرنے پر مسلمان دکاندار کو گرفتار کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گجرات کے شہر وڈودرا میں پولیس نے کارروائی کی اور مشہور سموسے کی دکان پر چھاپہ مارا اور دعویٰ کیا کہ سموسوں میں استعمال کیلئے موجود 101 کلو گائے کا گوشت برآمد کرلیا ہے۔

پولیس نے 161 کلو کچے سموسے بھی قبضے میں لے لیے اور دکان کے مالک سمیت 7 ملازمین کو گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سیل کی گئی دکان کے سموسے پورے شہر میں مشہور ہیں اور دکان سے کچے سموسے بھی پورے شہر سپلائی کیے جاتے تھے اور کئی مقامات پر فروخت ہوتے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دکان مالک کے پاس وزارت فوڈ سیفٹی کا اجازت نامہ بھی نہیں ہے اور نہ ہی سموسہ شہریوں کو گائے کے گوشت کا بتا کر فروخت کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی ریاست گجرات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت آنے کے بعد گائے کے گوشت کے استعمال پر پابندی عائد ہے۔