عیسر:(ویب ڈیسک ) سعودی عرب کے عسیر ریجن میں ٹریفک حادثے میں زندگی کی بازی ہارنے والے طالب علم کے والد کو سکول سے غیرحاضری کا نوٹس بھیجا گیا جس کا جواب سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق عیسر ریجن کی کمشنری قنا میں سکول انتظامیہ کی جانب سے طالب علم کے والد کو موبائل پر پیغام موصول ہوا جس میں طالب علم کے غیرحاضر رہنے کی اطلاع دیتے ہوئے اس کا جواز پیش کرنے کو کہا گیا تھا۔
پیغام کا جواب دیتے ہوئے والد نے سکول انتظامیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں طالب علم محمد عبدالرحمان کا والد یہ اطلاع دے رہا ہوں کہ آپ کا طالب علم اور میرا بیٹا اب اس دنیا سے ہی غیرحاضر ہو گیا ہے۔
والد نے کہا میری خواہش تھی اپنے بیٹے کو نیند سے بیدار کروں اور سکول جانے کے لیے زور دوں، جیسا اس سے قبل اکثر کرتا تھا مگر اب وہ یہاں سے بہت دور جنت الفردوس میں چلا گیا ہے۔
میں سمجھتا ہوں کہ آپ کی جانب سے یہ پیغام غلطی سے آگیا ہے تاہم اس کا جواب دے رہا ہوں اس امید پر کہ آپ میرے بیٹے کے اساتذہ ، اس کے سکول اور کلاس کے ساتھیوں، اس کی کلاس، اس کی میز اور کرسی کو سلام عرض کر دیں اور اسے ہمیشہ اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
واضح رہے کہ 17 سالہ طالب علم محمد عبدالرحمان کا 18 رمضان کو ٹریفک حادثے میں انتقال ہو گیا تھا۔