لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی شہری نے اہلیہ کے طلاق لینے کے بعد اپنے گھر کو ہی آگ لگادی کیوں کہ وہ اہلیہ کو کچھ بھی دینا نہیں چاہتا تھا۔
ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کی کاؤنٹی کینٹ سے تعلق رکھنے والے فرانسک ایم سی گرک گولف کے شعبے سے وابستہ ہے جسے گزشتہ برس کیے گئے اقدام پر 2 سال کی سزا اور جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔
عدالت میں دیے گئے بیان کے مطابق واقعےکے روز ملزم کی بیوی اور 3 بچے پارٹی میں شرکت کیلئے باہر گئے ہوئے تھے جس دوران فرانسک موقع غنیمت جانتے ہوئے گھر میں داخل ہوگیا، اس کے بعد ملزم نے گھر کو اندر سے لاک کرلیا اور پھر بیوی کو وائس نوٹ بھیجا کہ وہ گھر کو جلاکر خاکستر کردے گا۔
رپورٹ کے مطابق اس کے بعد برطانوی شہری نے ایندھن کی مدد سے گھر کو آگ لگادی، آگ بھڑکتی دیکھ کر پڑوسیوں نے فائربریگیڈ کو کال کیا جس کے بعد فائربریگیڈ نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ بجھادی، واقعے کے دوران گھر کو معمولی نقصان پہنچا۔
برطانوی شہری نے عدالت میں دیے گئے بیان میں اعتراف کیاکہ اس نے گھر کو آگ اس لیے لگائی کیوں کہ وہ نہیں چاہتا تھا کہ اس کی محنت کی کمائی سے کچھ بھی اس کی بیوی کو ملے۔
عدالت نے ملزم کا اعتراف جرم اور تمام دلائل سن کربرطانوی شہری کو 20ماہ کی سزا اور 9لاکھ برطانوی پاؤنڈ جرمانہ عائد کیا۔