مہاراشٹرا: (ویب ڈیسک) بھارت میں اپنی نوعیت کا ایک انوکھا واقعہ سامنے آیا جس میں ایمبولینس کے سپیڈ بریکر سے ٹکرانے کے بعد مردہ قرار دیا گیا شخص زندہ ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر کولہاپور میں 65 سالہ شخص کو دل کے دورے کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
میڈیارپورٹس میں بتایا گیا کہ مردہ قرار دیئے جانے کے بعد اہلخانہ نے میت کو گھر منتقل کرنے کیلئے ایمبولینس کا بندوبست کیا تاہم میت کی منتقلی کے دوران جب ایمبولینس سپیڈ بریکر سے گزری تو اچانک جھٹکا لگتے ہی مردہ قرار دیئے گئے شخص کی انگلیاں حرکت کرنے لگیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ منظر دیکھتے ہی ایمبولینس کے ذریعے اس شخص کو دوسرے ہسپتال منتقل کیا گیا، ہسپتال پہنچتے ہی انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کیا گیا، حیران کن طور پر ان کی سانس بحال ہوگئی اور اب 15 دن کے علاج کے بعد انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ یہ واقعہ گزشتہ برس 16 دسمبر کا ہے تاہم اب سوشل میڈیا کی زینت بنا ہوا ہے۔