برطانوی شہزادی کیٹ کا مومی مجسمہ مادام تساؤ عجائب گھر میں نصب

Published On 22 May,2025 11:23 am

لندن : (ویب ڈیسک) برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن کا نیا مومی مجسمہ لندن کے مادام تساؤ عجائب گھر میں عوام کے لیے پیش کردیا گیا۔

اس مجسمہ کی خصوصیت یہ ہے کہ ویلز کی شہزادی کیٹ تاج پہنے ہوئے دکھائی گئی ہیں، یہ مجسمہ مکمل طور پر نئے انداز میں تیار کیا گیا ہے، اس میں 2023 ء کے سفارتی استقبالیہ میں پہنے لباس کی جھلک پیش کی گئی ہے۔

کیٹ مڈلٹن کی یہ نئی شکل گلابی رنگ کے جگمگاتے گاؤن اور خوبصورت تاج کے ساتھ تیار کی گئی، یہ وہی تاج ہے جو شہزادی ڈیانا بھی پہنا کرتی تھیں اور اسے کیٹ نے بھی اپنی زندگی میں کئی بار سر پر سجایا ہے۔

کیٹ کے شاہی روپ کو مکمل کرنے کے لیے رائل وکٹورین آرڈر کا نیلا ربن، ملکہ الزبتھ دوم کا شاہی خاندانی آرڈر اور ڈائمنڈ بالیاں بھی پہنائی گئی ہیں۔

مادام تساؤ عجائب گھر لندن کے سینئر جنرل مینیجر اسٹیو بلیک برن نے کہا ہے کہ ہمیں بے حد خوشی ہے کہ ہم کیتھرین پرنسز آف ویلز کا نیا مجسمہ رائل پیلس ایکسپیرینس میں پیش کر رہے ہیں جو ہمارے شاہی خاندان سے دیرینہ تعلق کا تسلسل ہے۔