برطانوی شہری نے تیز رفتار گارڈن شیڈ بنا کر گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا

Published On 06 December,2025 11:20 am

لندن: (ویب ڈیسک) گاڑیوں کے شوقین برطانوی شہری نے تیز رفتار گارڈن شیڈ گاڑی بنا کر نیا گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

61 سالہ برائن کیڈ نے بتایا کہ وہ بچپن سے ٹی وی سیریز ریکارڈ بریکر دیکھتے تھے جس نے انہیں اپنا کوئی منفرد ریکارڈ بنانے کی ترغیب دی۔

برائن کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ سوچتے تھے کہ وہ ایسا کیا کر سکتے ہیں جو انہیں دنیا بھر میں نمایاں کرے چونکہ وہ پیشے کے اعتبار سے بلڈر اور گاڑیوں کے دلدادہ بھی ہیں، اس لیے انہوں نے دونوں شوق کو ملا کر ایک منفرد موٹرائزڈ گارڈن شیڈ تیار کیا۔

رپورٹ کے مطابق یہ آفیشل ریکارڈ ایونٹ یارک کے الونگٹن ایئر فیلڈ میں منعقد ہوا جہاں اس کی رفتار کی پیمائش اسٹریٹ لائنرز موٹر اسپورٹس کے ماہرین نے کی۔

یہ گارڈن شیڈ ٹریک پر 123.43 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑا، یوں انہوں نے تیز ترین گارڈن شیڈ کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، اس سے قبل یہ ریکارڈ 2019 میں برطانیہ کے ہی کیون نِکس نے بنایا تھا۔