28 میں وزن کم، چین میں موٹاپے کا شکار افراد کیلئے خصوصی ’جیلیں‘ قائم

Published On 30 December,2025 09:03 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں موٹاپے کا شکار افراد کے لیے خصوصی'جیلیں' قائم کی گئی ہیں جس میں 28 دن میں وزن کم کرنے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔

موٹاپے کے بڑھتے ہوئے مسئلے سے نمٹنے کے لیے چین میں کمرشل اور سرکاری سرپرستی میں چلنے والے خصوصی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جنہیں عوامی طور پر ’فیٹ جیلیں‘ کہا جا رہا ہے، ان مراکز میں موٹاپے کے شکار افراد 28 دن تک رہتے ہیں اور سخت جسمانی تربیت کے ذریعے وزن کم کرتے ہیں۔

ایک آسٹریلوی سوشل میڈیا انفلوئنسر، جنہوں نے حال ہی میں اس کیمپ میں شمولیت اختیار کی، نے سوشل میڈیا پر کیمپ کی اندرونی تفصیلات شیئر کیں، سوشل میڈیا انفلوئنسر کے مطابق یہ فوجی طرز کے کیمپ بند عمارتوں میں قائم ہیں، جہاں شرکا کو تربیت مکمل ہونے سے پہلے کسی جائز وجہ کے بغیر باہر جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔

انسٹاگرام پر Eggeats نامی اکاؤنٹ کے مطابق، اس کیمپ میں داخلے کی فیس ایک ہزار ڈالر سے کم ہے، جس میں رہائش، تربیت اور روزانہ کے کھانے شامل ہیں۔

’فیٹ جیلوں‘ میں وزن کیسے کم کیا جاتا ہے؟

اس پروگرام کے تحت شرکا کو روزانہ 4گھنٹے کی سخت ورزش کروائی جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ہر فرد کے لیے ٹرینر کی جانب سے خصوصی ڈائٹ پلان تیار کیا جاتا ہے اور مسلسل نگرانی کی جاتی ہے، تربیت میں ٹریڈمل پر دوڑ، باکسنگ اور شدید کارڈیو ورزشیں شامل ہوتی ہیں۔ کھانے کی مقدار بھی ہر فرد کے لیے ناپ تول کر دی جاتی ہے تاکہ کیلوریز پر مکمل کنٹرول رکھا جا سکے۔

ان مراکز کو ’جیل‘ اس لیے کہا جاتا ہے کیونکہ یہاں کے دروازے 24 گھنٹے بند رہتے ہیں اور کوئی بھی شخص چپکے سے باہر نہیں جا سکتا، آسٹریلوی انفلوئنسر کے مطابق، انہوں نے کیمپ میں صرف 2 ہفتوں کے اندر 4 کلو وزن کم کر لیا ہے۔

یہ کیمپ خاص طور پر ان افراد کے لیے مفید ثابت ہو رہے ہیں جو وزن کم کرنے کے عمل میں مستقل مزاجی برقرار نہیں رکھ پاتے۔