شادی پر انوکھی سلامی؛ دلہے کو 100 فٹ لمبے ہار کا تحفہ

شادی پر انوکھی سلامی؛ دلہے کو 100 فٹ لمبے ہار کا تحفہ

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ غیر معمولی تحفہ بھارت کی ریاست اترپردیش کے شہر متھرا میں ہونے والی ایک شادی کی تقریب میں یوگیش کمار ٹھاکر نامی شخص نے دونوں دلہوں کو پیش کیا۔

یہ تحفہ شادی کی روایتی رسم ’گھڑچڑھی‘ کے دوران پیش کیا گیا، جس میں دلہا سجی ہوئی گھوڑی پر سوار ہوکر بارات کیلئے روانہ ہوتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق دونوں دلہوں کو الگ الگ ہار پہنائے گئے، جن میں سے ہر ایک کی مالیت مبینہ طور پر ایک کروڑ بھارتی روپے تھی، یہ ہار 500 روپے کے کرنسی نوٹوں سے تیار کئے گئے تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ 100 فٹ لمبے ان ہاروں کو غیر معمولی حجم اور وزن کے باعث اٹھانے اور سنبھالنے کیلئے کئی افراد کی مدد لینا پڑی اور دونوں دلہوں کو ایک چھت پر کھڑا کیا گیا، جہاں انہیں یہ بھاری بھرکم ہار پہنائے گئے۔

شادی کی اس غیر معمولی تقریب کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی ہیں۔

بھارت کی ریاست اترپردیش میں ہونے والی شادی کی اس تقریب کے اس منظر نے شادی میں شریک مہمانوں اور مقامی لوگوں کو بھی حیران کیا، جبکہ متعدد افراد نے اپنے موبائل فونز سے اس موقع کی ویڈیوز بھی بنائیں۔

ان ویڈیوز کے وائرل ہونے کے بعد یہ غیر معمولی تحفہ سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنا ہوا ہے اور بعض عالمی خبر رساں اداروں نے بھی ان ویڈیوز کو شیئر کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے اس تحفے سے متعلق ملا جلا رجحان سامنے آ رہا ہے۔

بعض صارفین اس غیر معمولی تحفے پر حیرت اور خوشی کا اظہار کرتے نظر آ رہے ہیں جبکہ کچھ صارفین نے اسے دولت کی غیر ضروری نمائش قرار دیتے ہوئے تنقید کی ہے۔