اسامہ بن لادن کے صاحبزادے حمزہ بن لادن القاعدہ کی قیادت سنبھالنے کو تیار

اسامہ بن لادن کے صاحبزادے حمزہ بن لادن القاعدہ کی قیادت سنبھالنے کو تیار

لاہور: (دنیا نیوز) دہشت گرد تنظیم  القاعدہ  کی جانب سے 9 ستمبر 2011ء کو نیویارک میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملوں کے 16 ویں سال کی یاد میں ایک فوٹو مونٹاج جاری کیا گیا جس میں سابق سربراہ اسامہ بن لادن کا چہرہ دونوں عمارتوں کے درمیان شعلوں سے گھرا ہوا نظر آرہا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسی تصویر میں اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن کو دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ نوجوان لڑکا اب 28 برس کا ہو چکا ہے اور اپنے والد کے قائم کیے ہوئے پروپیگنڈا نیٹ ورک میں اپنے بچپن کے دنوں سے دکھائی دے رہا ہے۔

امریکی تحقیقاتی ایجنسی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کے نمائندہ خصوصی علی سوفان کے مطابق حمزہ بن لادن کی عمر تقریباً 30 برس ہے اور انہیں اپنے والد کی بنائی گئی جماعت میں سربراہ بنانے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ علی سوفان نے مزید لکھا کہ بن لادن خاندان سے تعلق ہونے کی وجہ سے حمزہ کو اعلیٰ عہدہ دیے جانے کے سلسلے میں حمایت حاصل ہے۔

اسامہ بن لادن کا تیسری بیوی سے تمام بچوں میں 15ویں نمبر پر موجود بیٹا حمزہ اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے بڑا ہوا ہے۔ ورلڈ ٹریڈ سینٹر اور واشنگٹن میں پینٹاگون آفس پر حملوں کے بعد حمزہ اپنے والد سے علیحدہ ہو گئے تھے جس کے بعد دونوں نے کبھی بھی ایک دوسرے کو نہیں دیکھا۔