واشنگٹن: (دنیا نیوز) پینٹاگون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع جِم میٹس کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ پاکستان سے رابطے میں ہے اور جیسے ہی پاکستان کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن اقدامات ہوں گے، امداد بحال کر دی جائے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی جانب سے نیٹو سپلائی کے راستے بند کرنے کا کوئی اشارہ نہیں ملا اور نہ ہی پاکستان نے اپنی فضائی حدود میں امریکی پروازوں کے داخلے پر پابندی لگائی ہے۔ جِم میٹس نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف اقدامات پر اس کی امداد بحال کر دی جائے گی، امداد روکنے کے بعد بڑھتے ہوئے پاک چین روابط پر کوئی تشویش نہیں۔
جیمز میٹس کا مزید کہنا تھا کہ پاک امریکہ تعلقات کو معمول کی طرف لوٹنے میں کئی سال لگیں گے۔ یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے چند روز قبل ایک ٹویٹ کے ذریعے پاکستان کی مالی و فوجی امداد روکنے کا اعلان کیا تھا۔