ناروے میں اعلیٰ تعلیم اور سکالرشپس

Published On 09 Jan 2018 06:19 PM 

اوسلو: (دنیا نیوز) دو سے زیادہ یونیورسٹیوں میں داخلے کی درخواست آپ کے داخلے کے چانسز بڑھا دیتی ہے۔ آپ صرف انگلش زبان والے ان کورسز میں ہی داخلہ لیں۔

ناروے کا مختصر تعارف

ناروے بھی سکینڈے نیویا میں واقع دنیا کے چند اہم ممالک میں سے ایک اہم ملک ہے۔ ناروے کے ہمسایہ ممالک میں فن لینڈ، سوئیڈن، ڈنمارک اور روس شامل ہیں۔ ناروے کا دارالحکومت اوسلو ہے۔ ناروے کی کل آبادی تقریباً پانچ ملین کے قریب ہے۔ لوگ زیادہ تر نارویجین زبان بولتے ہیں لیکن پورے ناروے میں انگلش بولی اور سمجھی جاتی ہے۔

تعلیمی ادارے، معیار اور انٹرنیشنل ریکنگ

ناروے کے تعلیمی نظام کو یورپ کے بہترین تعلیمی نظاموں میں ایک گردانا جاتا ہے۔ ناروے کو دنیا بھر میں طالب علموں کی پسندیدہ بیرون ملک تعلیمی ممالک کی فہرست میں بتیسواں نمبر دیا گیا ہے۔ یورپ میں اسے تعلیمی اعتبار سے چودہواں اعلیٰ ترین سسٹم آف ایجوکیشن مانا جاتا ہے۔

دنیا کی ایک سو بیالیسویں اچھی ترین یونیورسٹی ترین اوسلو ناروے کے دارالحکومت میں واقع ہے۔ یہاں اب پوری دنیا سے طالب علم اعلیٰ تعلیم کے لئے آنے لگے ہیں۔

کیا آپ جانتے ہیں؟

ناروے میں اعلیٰ تعلیم نہ صرف مقامی لوگوں کے لئے مُفت ہے بلکہ پوری دنیا سے آنے والے طالب علموں کے لئے بھی مفت ہے جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔ پاکستان سے اپلائی کرنے والے طلبہ کو ترجیحاً داخلہ اور سکالرشپ دیا جاتا ہے۔ اس لئے آپ کو اگر عالمی معیار کی تعلیم مفت حاصل کرنا چاہتے ہیں تو فوری طور پر اپنے متعلقہ مضمون میں درخواست دیں۔

سٹوڈنٹس سے متعلقہ اہم معلومات

بطور پاکستانی ناروے میں آپ کو جاب ملنے کے مواقع بھی زیادہ ہیں کیونکہ وہاں پاکستانی کمیونٹی کافی مضبوط ہے۔ اگر آپ ناروے میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے آپ کو نارویجین تعلیمی ادارے میں داخلہ لینا ہو گا۔ ناروے کے تمام تعلیمی اداروں میں داخلے کا نظام اب مکمل طور پر انٹرنیٹ کے ذریعے ہی کیا جاتا ہے۔ سب سے پہلا کام یہ ہے کہ آپ اُس تعلیمی کورس یا ڈگری کو تلاش کریں جس میں آپ کو بہت زیادہ دلچسپی ہو اور آپ اپنی پسند کے دو یا تین مضامین میں داخلہ کی تیاری کریں کیوںکہ اگر آپ کی پسند کے پہلے شعبے میں داخلہ نہ ہو تو آپ کسی اور شعبے میں داخلہ سے محروم نہ رہ جائیں۔

یاد رکھیں ناروے کی سرکاری یونیورسٹیوں میں کوئی سمسٹر فیس نہیں ہے۔ صرف رجسٹریشن فیس لی جاتی ہے جو اسے سے سو یورو ہوتی ہے جو کہ پاکستانی روپوں میں پندرہ سے بیس ہزار روپے بنتی ہے۔

ناروے میں داخلے صرف ایک بار یعنی دسمبر میں ہوتے ہیں جو چند یونیورسٹیوں میں مارچ تک چلتے ہیں۔ اس لئے اگر ایک سال آپ ایڈمیشن پراسیس میں کوئی بھی غلطی کرتے ہیں تو آپ کو دوبارہ اپلائی کرنے کے لئے ایک سال انتظار کرنا ہو گا۔

مزید برآں صرف ان کورسز میں ہی داخلہ لیں جو انگلش زبان میں آفر کئے جاتے ہیں کیونکہ اس صورت میں صرف آپ کو ٹوفلائی لیٹس کے امتحان میں اثھا نمبر لینا ہوں گے، مگر اگر آپ کے متعلقہ کورس کی زبان نارویجین ہے تو پھر آپ کو اس کے ساتھ نارویجین زبان کا امتحان بھی پاس کرنا ہو گا۔

دو سے زیادہ یونیورسٹیوں میں داخلے کی درخواست آپ کے داخلے کے چانسز بڑھا دیتی ہے۔ ان یونیورسٹیوں کی ویب سائٹ پر جا کر ان کے اس مطلوبہ کورس یا ڈگری کے لئے درکار ضروری کاغذات اور سرٹیفیکیٹس آن لائن جمع کروایں اور ایک بات کا خاص خیال رکھیں کہ بہت سی یونیورسٹیاں ڈائرکٹ خود کاغذات نہیں جمع کرتی بلکہ دیگر اداروں کی ویب سائٹس کو اس مقصد کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ مگر یاد رکھیں کہ ان کی طرف راہنمائی بھی آپ کی یونیورسٹی یا کالج ہی کرے گا۔

مثال کے طو پر ناروے کے بہت سے تعلیمی ادارے www.samordnaopptak.no پر جا کر اپلائی کرنے کے لئے آپ کو کہتے ہیں۔ تمام مطلوبہ کاغذات حتمی تاریخ سے پہلے مکمل طور پر جمع کروا دیں۔ اس کے لئے تمام کالجوں اور یونیورسٹیوں کی ویب سائٹس پر تفصیلی راہنمائی دی جاتی ہے۔ حتمی تاریخ یعنی ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد ایک سے دو ماہ کے اندر آپ کو آپ کے تعلیمی ادارے کی سیلکشن لیٹر مل جاتا ہے جسے آپ کو ویزہ حاصل کرنے کے عمل میں ایمبسی میں پیش کرنا ہوتا ہے۔