ترک مسلح افواج کے سربراہ جنرل حلوصی آقار نے کہا ہے کہ داعش، وائے پی جی اور پی کے کے سمیت تمام دہشت گردوں کو اپنے کئے کا بدلہ بھگتنا پڑے گا اور بہائے ہوئے خون کا حساب دینا پڑے گا۔
انقرہ : (روزنامہ دنیا ) ترک مسلح افواج کے سربراہ جنرل حلوصی آقار نے کہا ہے کہ داعش، وائے پی جی اور پی کے کے سمیت تمام دہشت گردوں کو اپنے کئے کا بدلہ بھگتنا پڑے گا اور بہائے ہوئے خون کا حساب دینا پڑے گا۔ترکی نے شامی شہر عفرین میں حالیہ زمینی کارروائیوں میں 260جنگجوؤں کو ہلاک کر نے کا دعویٰ کیا ہے ۔ترکی کے سرحدی صوبے کلوس میں شام کی جانب سے داغے گئے راکٹوں کے پھٹنے سے 2افراد ہلاک، 11زخمی ہو گئے ۔
دوسری جانب نیٹوکی نائب سیکرٹری جنرل روز گوٹے مولر نے دورہ ترکی کے دوران میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ترکی کی سرحدوں پر اس وقت دہشت گردی کے بادل منڈلا رہے ہیں جس کے خلاف اسے اپنا دفاع کرنے کا پورا حق حاصل ہے ۔شام میں پی کے کے کو اسلحے کی فراہمی کے بعد امریکہ اور ترکی کے درمیان کشیدگی کے بارے میں انہوں نے کہا ترکی نیٹو کا رکن ملک ہے اور اس تنظیم کے دو پرانے ارکان کے درمیان بعض اوقات ناچاقی پیدا ہو جاتی ہے جسے دورکرنا ہمارا فرض ہے جبکہ نیٹو کے سیکرٹری جنرل یانز سٹولٹن برگ صدر اردوان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔